اسلام آباد : تحریک انصاف نے اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ اراکین پارلیمان بھی وزیراعظم کے نقشِ قدم پر چلیں، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے خود کو کفایت شعاری کی مثال بنا کر قوم کے سامنے پیش کیا، اراکین پارلیمان بھی وزیراعظم کے نقشِ قدم پر چلیں،
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے آگے بڑھیں اور مشکل حالات میں قوم کیلئے قربانی دیں، وزیراعظم کے بیان کے بعد صورتحال بالکل واضح ہے، وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے۔
انھوں نے کہا امید ہے پنجاب اسمبلی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ فوری واپس لے گی۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم
یاد رہے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا ، جس کے مطابق اراکین اسمبلی کوماہانہ ایک لاکھ 95 ہزارتنخواہ ملےگی جبکہ اراکین اسمبلی کی بنیادی تنخواہ 80 ہزارروپےکردی گئی۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی ہر ماہ 2 لاکھ 60ہزارروپے ، ڈپٹی اسپیکر2 لاکھ 45ہزار روپے اور وزیراعلیٰ پنجاب 4 لاکھ 25 ہزار روپے تنخواہ ماہانہ لیں گے۔
جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تنخواہوں میں اضافے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہمارے پاس عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے وسائل نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔