لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے حکم کو معطل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو پی پی 23 چکوال سے بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ کے جسٹس فرخ عرفان نے کیس کی سماعت کی ، سماعت میں الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئےاور پی ٹی آئی کو پی پی 23 چکوال سے بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے سے روک دیا
یاد رہے کہالیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات کے لئے بلے کا انتخابی نشان الاٹ کرنے سے انکار کر دیا، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کے لئے انٹرا پارٹی الیکشن کروانا ضروری ہے، قوانین کے تحت انتخابی نشان کے لیے انٹرا پارٹی انتخاب لازم ہے۔
تحریک انصاف پر یہ پابندی انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے کے باعث عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پی پی 23 چکوال میں 18 اپریل کو ضمنی الیکشن ہونے جارہے ہیں اور کرنل (ر)سلطان اعوان پی ٹی آئی کے امیدوار ہے۔
پی پی 23 چکوال میں 18 اپریل کو ضمنی الیکشن کیلئے عمران خان نے اتوار کو جلسہ کیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کو چکوال میں جلسہ کرنے پر نوٹس جاری کردیا تھا، عمران خان کو چکوال میں جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔