ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

پارٹی فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی آج بھی جواب جمع نہ کراسکی، آئندہ سماعت پر سیکریٹری فنانس طلب

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے آج بھی جواب جمع نہیں کرایا، الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری فنانس کو طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی درخواست پر چار رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور کی جگہ جونئیر وکیل بنچ کے روبرو پیش ہوئے۔

اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن نے دلائل دیے کہ گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ جواب جمع کرائیں گے۔

پی ٹی آئی کے ایسوسی ایٹ وکیل نے بنچ کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرا دیں گے۔

ممبر کمیشن ارشار قیصر نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں فارن فنڈنگ کیس کہاں تک پہنچا ہے جس پر احمد حسن نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ فیصلہ محفوظ کرچکی ہے۔

وکیل اکبر ایس بابر نے بنچ سے درخواست کی کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس کو اگلی سماعت پر طلب کیا جائے، جس پر الیکشن کمیشن نے سینئر کونسل انور منصور کو جواب جمع کروانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری فنانس کو طلب کر لیا۔

عمران خان کا انجام بھی رابرٹ موگابے جیسا ہوگا، اکبر ایس بابر

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے جس الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی نے ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے، اسی سے دوسری پارٹیوں کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کی درخواست کی جارہی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ایم این اے داوڑ کنڈی کو پارٹی سے نکالنا بادشاہت ہے، عمران خان کا انجام بھی رابرٹ موگابے جیسا ہوگا۔

واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے بانی رکن خواجہ اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں عمران خان پر الزام لگایا تھا کہ وہ پارٹی فنڈز میں خورد برد کے مرتکب ہورہے ہیں جبکہ تحریکِ انصاف کو بیرونی فنڈنگ بھی ہوتی ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں