اسلام آباد: پی ٹی آئی نے ن لیگی رہنما طارق فضل چوہدری کے سامنے فارم 47 کا معاملہ اٹھا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری کی پی ٹی آئی کیمپ آمد ہوئی اس دوران پی ٹی آئی رہنما نے ان کے سامنے فارم 47 کا معاملہ اٹھایا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے مینڈیٹ پر فارم 47 سے جو ڈاکہ مارا وہ واپس کریں، جواب میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ تو آپ کا دعویٰ ہے حقیقت بعد میں پتہ چلے گی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آپ مہربانی کرکے ہماری سیٹیں واپس کریں، مہنگائی کا بوجھ جو عوام پر ڈالا ہے اس پر ہمارا احتجاج ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس معاملے پر ہم سمجھتے ہیں عوام کی مشکلات کم ہونی چاہیے، مجھے کسی نے ہدایت نہیں دی اپنی مرضی سے آیا ہوں۔
طارق فضل نے کہا کہ احتجاج کا طریقہ ہوتا ہے املاک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے، یہ ایک افواہ ہے جو جان بوجھ کر پھیلائی جارہی ہے۔