فیصل چوہدری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بینائی سے محروم ہو گئے لیکن طبی سہولیات نہیں دی جارہیں، بانی کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں،جیل مینول کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کےمعاملےمیں حکومت نے کوتاہی کی ہے اڈیالہ جیل محکمہ داخلہ پنجاب اورمحکمہ داخلہ وزیراعلیٰ کے ماتحت ہے عدالت کے حکم پر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سےملاقات کی، سلمان صفدر پربہت دباؤ آیا لیکن ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک فوری طورپر ذاتی معالجین کو رسائی دی جائے اور علاج کےلیے فوری طور پر بورڈ بنائے، حکومت 16تاریخ کا انتظار نہ کرے فوری بورڈ بنائے، حکومت کو بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق آج ہی بورڈ بنانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کےلیے فوری اسپتال شفٹ کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کےبیرک میں ٹین کی چھت ہے بانی کی بینائی کا مسئلہ گرمیوں میں اور زیادہ بڑھ جائےگا، جون جولائی کی شدید گرمی میں بینائی کا مسئلہ زیادہ بڑھ سکتا ہے، طبی اور عمرکی بنیادپر ضمانت دی جاسکتی ہے لیکن حکومت دےگی نہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت کی جو صورتحال ہےفوری کلینیکل کیئرکی ضرورت ہے۔
علامہ راجا ناصر عباس حکومت نے جان بوجھ کر بانی کی بینائی ختم کردی ہے، حکومت انتقام کی حد سے بڑھ کر دشمنی پر اتر آئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کےعوام آپ کو معاف نہیں کریں گے، حکومت کی طرف سے مجرمانہ غفلت ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کا علاج نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ان کی بینائی چلی گئی، ہمیں پارلیمنٹ میں بتایا گیا تھا بانی کو انجکشن لگا ہے اب وہ ٹھیک ہیں۔
ناصرعباس نے کہا یہ اب ہمیں معلوم ہوا کہ حکومت کی کسی بات پر یقین نہیں کرنا چاہیے، حکومت کے پاس ایک دو دن ہیں دیر نہ کی جائی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ سلمان صفدر سے ابھی ملاقات ہوئی، ہم سب نےبانی پی ٹی آئی سے زیادتی کی ہے ، ہمیں بانی پی ٹی آئی کیلئے جو کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کرسکے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ سے بانی پی ٹی آئی آنکھ کی تکلیف کے بارے میں مسلسل آگاہ کرتے رہے، لیکن جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے ان کا علاج یقینی نہیں بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10، 10 کیمروں کے ذریعے ان کے حالات پر نظر رکھی جاتی رہی، لیکن بانی کی طبیعت خراب ہونے کے باوجود مناسب اقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگ جان بوجھ کر انتظار کر رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہو جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


