کراچی (11 جنوری 2026): پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے طنزیہ کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سہیل آفریدی کو ٹوپی پہنا کر ٹوپی ڈراما کیا؟
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی آج کراچی میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ تاہم اس حوالے سے حکومت سندھ کے متنازع بیانات پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے پی پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر سندھ حکومت نے وزیراعلیٰ کے پی کو اجرک ٹوپی پہنائی تھی۔ تو کیا سندھ حکومت نے سہیل آفریدی کو ٹوپی پہنا کر ٹوپی ڈراما کیا؟
حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ مزار قائد پر پہنچیں، جلسہ لازمی ہوگا اور آج ہی ہوگا۔ جلسہ کرنا ہمارا سیاسی اور جمہوری حق ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا چہرہ قوم کے سامنے آ گیا۔ پہلے ٹی وی پر بیٹھ کر سندھ کے وزیر نے اعلان کیا کہ جلسہ کریں، اس کے لیے درخواست بھی دی، لیکن پھر اجازت نامہ روکتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جلسے کے لیے کل شام پانچ بجے تک این او سی نہیں دی گئی، لوگوں کو باغ جناح سے بھگایا گیا۔ 6 بجے جلسے کی این او سی دی گئی۔ اس دورانیے میں جلسے کے انتظامات کرنا مشکل تھے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مزار قائد کے عوامی گیٹ پر جلسہ کرنے سے کوئی راستہ نہیں رکتا ہے۔ سندھ میں وزیر اعلیٰ کے پی کا اتنا بڑا عوامی استقبال ہوا کہ ہے کہ انہیں حیدرآباد سے کراچی 7 گھنٹے میں پہنچایا گیا ہے۔
’کراچی والو! بانی کے نمائندے سہیل آفریدی کو مایوس نہیں کرنا‘
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


