کراچی (10 جنوری 2026): سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کرنے کی باضابطہ مشروط اجازت دے دی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ نے پی ٹی آئی کو جلسے کیلیے اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی سندھ میں جلسہ کر سکتی ہے شرائط پر عملدرآمد لازمی کرنا ہوگا، وہ صوبے میں قانونی اور آئینی سیاسی سرگرمیاں کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کو جلسے کی فیس اور سیکیورٹی چالان جمع کروا دیے، حلیم عادل
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ جلسے کے دوران قانون و امن کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی، اشتعال انگیز تقاریر، مواد اور فرقہ ورانہ گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی، اداروں کے خلاف کسی قسم کی تقریر کی اجازت نہیں ہوگی۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا منتظمین کی ذمہ داری ہے، پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازم ہوگا، سکیورٹی وجوہات پر اجازت منسوخ کرنے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کے پاس ہوگا۔


