لاہور : تحریک انصاف کے رہنماوں نےجلسے کےحتمی انتظامات کا جائزہ لینے دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور کے عوام کا خواب پورا ہونے جارہا ہے۔ لاہور کے زندہ دل عوام بڑی تعداد میں شرکت کر کے نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف رہنماوں جہانگیرترین ، علیم خان اور علی زیدی نےجلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے زمان پارک مال روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتےہوئے کہا کہ باہر ملک میں میرا مکان اورایک کمپنی بیٹے کی نام پر رجسٹرڈ ہے ۔ جس کے بارے میں قوم کو آگاہ کردیا ہے ۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو مہلت دی ہے جس میں 4 دن باقی ہیں۔ اگر وزیراعظم نے الزامات کا جواب نہیں دیا تو اپنا اگلا لائحہ عمل جلد سامنے لائیں گے۔ جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ 20 سال سے میرے اوپر تنقید نہیں کی گئی کوئی الزام لگانے سے پہلے میرے ٹیکس گوشوارے دیکھ لیں 5 سال کے دوران 27 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔
رہنماء تحریک انصاف علیم خان نے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم حکومت کے خلاف اپنی ذاتی لڑائیوں کو بالائے طاق رکھ دیتے ہیں ۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں ہر امیدوار نے ووٹ بینک کے لئے کام کیا اور یہی عمل ہر جگہ انتخابات میں کیا جاتا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکمران پہلے خود جواب دیتے ہیں، ہمارے اوپر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے بھتیجوں سے ان کی پراپرٹی کے حوالے سے معلومات لیں اور عوام کو آگاہ کریں۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدرعلی زیدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان میں ساری چیزیں متعارف کروائی ہیں ۔ ہماری چیزوں کو ساری سیاسی جماعتیں اپناتی ہیں ،پہلے موسیقی صرف تحریک انصاف کے جلسوں کی پہچان تھی مگر اب جماعت اسلامی کے جلسوں میں بھی موسیقی بجنے لگی ہے۔ پاکستانی تاریخ میں تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد کروائے، پہلے الیکشن میں ہونے والی خامیوں کو کنٹرول کر لیا ہے کراچی میں کافی حد تک امن ہوچکا ہے۔
واضح رہے پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ وزارتِ داخلہ پنجاب کی جانب سے تحریک انصاف کے چئیرمین پر قاتلانہ حملے کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔