لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کوکل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، نیب کی جانب سے15روزکی توسیع کی درخواست کی جائےگی، گزشتہ سماعت میں نیب نےعلیم خان کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیاتھا۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کوکل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کیس کی سماعت کریں گے اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
نیب کی جانب سے15روزکی توسیع کی درخواست کی جائےگی اور پراسیکیوٹر وارث علی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست پر دلائل دیں گے۔
گزشتہ سماعت میں نیب نے علیم خان کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا، علیم خان کی ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ علیم خان نے مجموعی طور پر35 کمپنیاں بنا رکھی ہیں ، علیم خان 35 کمپنیوں میں 1ارب سے زائد اور 600 ملین سےمتعلق مطمئن نہیں کرسکے۔
مزید پڑھیں : علیم خان نو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
واضح رہے 6 فروری کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورآف شورکمپنیوں کیس میں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو گرفتار کرلیا تھا، ذرائع کے مطابق علیم خان نیب کی تحقیقاتی کمیٹی کو مطمئن نہ کرسکے۔
نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے اپنا استعفی وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دیا تھا، علیم خان کا کہنا تھا کہ مقدمات کا سامنا کریں گے، آئین اور عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں، مجھ پر آمدن سے زائد اثاثوں کا نہیں، آفشور کمپنیوں کا مقدمہ ہے۔
نیب لاہور نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں عبدالعلیم خان کو گرفتارکرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا عبدالعلیم خان کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔