The news is by your side.

Advertisement

پی ٹی آئی رہنما طاہر اقبال قاتلانہ حملے میں جاں بحق

پشاور: پی ٹی آئی ہزارہ ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری طاہر اقبال قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا ہزارہ ڈویژن میں تحریک انصاف کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری طاہر اقبال  پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے طاہر اقبال کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ جنازے میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے، فائرنگ سے 2 افراد بھی زخمی ہوئے۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے طاہر اقبال اور زخمی افراد کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک زخمی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق مقتول طاہر اقبال ہری پور کے ممبر ضلع کونسل بھی رہ چکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کرلیے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تحقیقات میں پیش رفت سامنے آسکے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی، محمود خان کا کہنا ہے کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے مرحوم کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طاہر اقبال مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں