اسلام آباد: کالعدم تنظیم کی جانب سے تحر یک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، چوہدری محمد سرور سمیت دیگر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز اور ای میلز کے بعد پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی، ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی ،چودھری سرور،میاں اسلم اقبال، عبدالعلیم خان اور محمود الرشید کی سیکیورٹی بڑھائی گئی ہے۔
دھمکی آمیز ای میل کا سراغ لگانے کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اسپیشل برانچ ،کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
گزشتہ روزکالعدم تنظیم کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دھمکی آمیز پیغامات کا انکشاف ہوا تھا، جس پر تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور نے سکیورٹی خدشات کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کو خط تحریر کیا تھا
کالعدم جماعت کی جانب سے دھمکی ملنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور نے وزیرِاعلی پنجاب کو سکیورٹی خدشات کے حوالے سے خط لکھا ہے، خط کی کاپی وزارت داخلہ ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بی کو بھی ارسال کی گئی ہے۔
خط کے مطابق شاہ محمود قریشی، چوہدری سرور ، میاں محمودالر شید، عبدالعلیم خان، اراکین پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال اور ملک تیمور کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے ۔
خط میں کہا گیا ہے تحر یک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال کے دفتر پر بھی دوحملے ہو چکے ہیں، چوہدری سرور نے کہا کہ تحر یک انصاف کے رہنماؤں کو ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران مکمل سکیورٹی فراہم کر نا حکومت کی ذمہ داری ہے۔