اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے الیکشن ٹربیونلز کے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ کر دیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی آرگنائزر جہانگیر ترین کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ این اے 118اوراین اے 128 سمیت متعدد الیکشن پٹیشنز زیر سماعت اور حتمی مراحل میں ہیں ،ایسے میں تین الیکشن ٹربیونلز کی مدت میں توسیع نہ کرنا انصاف کے تقاضوں کی نفی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ ن لیگ کے دباؤ پر پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دینے پر ٹربیونلز کے ججز کی مدت میں توسیع نہیں کی جا رہی جو افسوسناک ہے۔
تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ تمام کیسز کا فیصلہ آنے تک ٹربیونلز کے ججوں کی مدت میں توسیع کی جائے، خط میں عمران خان کی چیف الیکشن کمشنر سے دو ستمبر کی ملاقات کے تناظر میں تا حال چاروں صوبائی الیکشن ممبران کے مستعفی نہ ہونے پر بھی اظہار تشویش کیا گیا ہے ۔خط کے اختتام پر جہانگیر ترین نے لکھا کہ تحریک انصاف جلد انصاف کا تقاضا کرتی ہے۔