کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب سے جوق در جوق لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں، ن لیگ کی سیاست ختم ہوچکی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، محمود الرشید کا کہنا تھا کہ مانتے ہیں کرپشن خاتمے کے پروگرام پر ہم صحیح معنوں پر عمل نہیں کرسکے البتہ خیبر پختونخواہ میں بنیادی شعبوں میں کام دیگر صوبوں سے بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پی میں کلین سوئپ کرکے تاریخ رقم کرے گی، ن لیگ، ایم ایم اے، پی پی مل جائے تو بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں ناکام رہی ہیں، انہوں نے ملک کا پیسہ لوٹا ہے۔
شہباز شریف کا انجام نواز شریف سے زیادہ بدتر ہوگا، میاں محمود الرشید
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کا موازنہ سندھ اور پنجاب کی حکومتیں سے کرسکتے ہیں، اس سے اندازہ ہوجائے گا کہ کس صوبے میں سب سے زیادہ کام ہوا، دیگر صوبوں کے حکمرانوں نے عوام پر توجہ دینے کے بجائے ملک کو لوٹا ہے۔
رانا ثناءاللہ اورعابد شیرکوفوری گرفتارکیا جائے، محمود الرشید
پوچھے گئے ایک سوال پر محمود الرشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پنجاب میں دو سو سے زائد سیٹیں جیتے گی، پیپلزپارٹی کو پنجاب میں الیکشن کے لیے امیدوار تک نہیں ملیں گے، عام انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے تجویز کردہ تاریخوں میں الیکشن ہوجانے چاہئیں، الیکشن میں تاخیر سے متعلق کوئی بھی حربہ قبول نہیں کریں گے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔