اسلام آباد : پی ٹی آئی ایم این اے ملک نواب شیر وسیر کو نواز شریف نے خود آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کی گارنٹی دی، تاہم کتنی رقم ادا کی گئی، تصدیق نہ ہو سکی۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے پی ٹی آئی ایم این اے ملک نواب شیر وسیر کی ن لیگ سے ڈیل سے متعلق پتہ لگا لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ نواب شیر وسیر کو آئندہ الیکشن میں ٹکٹ کی گارنٹی دی گئی، گارنٹی نواز شریف کی جانب سے خود دی گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ نے اس ڈیل میں اہم کردار ادا کیا تاہم نواب شیر وسیر کو کتنی رقم ادا کی گئی،تصدیق نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق نواب شیر وسیرکو ٹکٹ کی یقین دہانی پر طلال چوہدری ناراض ہوگئے ، جس پر طلال چوہدری کو نااہلی ختم ہونے پر سینٹر بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ذرائع نے کہا کہ طلال چوہدری کے بھائی کو ایم پی اے کا بھی ٹکٹ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد سے قبل سندھ ہاؤس میں چھپے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی سامنے آئے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، راجا ریاض، نواب شیرو سیر، نور عالم خان، باسط بخاری سمیت 27 ارکان کی جانب سے سندھ ہاؤس میں پناہ لی گئی ہے۔
رکن اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ دو درجن سے زائد ارکان ہمارے ساتھ ہیں، عمران خان پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں سب پتا چل جائے گا۔