جہانگیر ترین کے ساتھ جو کچھ ہوا اچھا ہوا، رکن اسمبلی پی ٹی آئی سیما ضیاء seema zia
The news is by your side.

Advertisement

جہانگیر ترین کے ساتھ جو کچھ ہوا اچھا ہوا، رکن اسمبلی پی ٹی آئی سیما ضیاء

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی سیما ضیاء نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ جو کچھ ہوا اچھا ہوا، ملک میں جو بھی کرپشن کرے اس کے ساتھ ایسا ہی ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیما ضیاء نے کہا کہ جو بھی ملک میں کرپشن کرے اس کے ساتھ یہی کچھ ہونا چاہئے چاہے وہ جہانگیر ترین ہی کیوں نہ ہوں۔

سیما ضیاء نے کہا کہ آج ہم سینہ تان کر کہہ سکتے ہیں پاکستان کا وزیراعظم کرپٹ نہیں ہے، آج کی اپنی تقریر امل کے نام کرتی ہوں، امل کی ناگہانی موت نے سندھ پولیس کا پول کھول دیا ہے، انہوں نے اسمبلی میں امل کی تصویر لہراتے ہوئے کہا کہ امل کا گھرانا آج سفر کررہا ہے، امل ریسکیو سروس بل لانا چاہتی ہوں۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ایئرکنڈیشن کی کولنگ بہت زیادہ ہے، اے سی اتنا تیز ہے دل کرتا ہے کہ چادر کے بجائے کمبل ساتھ لائیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

رکن اسمبلی نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرکے آئی ہوں مجھے اپنی بات پوری نہیں کرنے دی گئی صوبے کے ایشوز رہ گئے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ دنوں سے اسمبلی میں نازیبا الفاظ استعمال کیے جارہے ہیں، تقریر کے دوران جہانگیر ترین کے لیے الفاظ ادا کیے، میرے کہنے کا مطلب تھا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

سیما ضیاء نے کہا کہ جہانگیر ترین کے لیے میرے منہ سے ایسی گفتگو نہیں نکلنی چاہئے تھی، عدالت کا فیصلہ چاہے کسی کے لیے بھی ہو ہم اس کا احترام کرتے ہیں، جہانگیر ترین قابل احترام ہیں پارٹی کے لیے ان کی قربانیاں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جہانگرین ترین کی نااہلی پر نظرثانی کی درخواست مسترد کردی گئی تھی اور سپریم کورٹ نے نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں