تازہ ترین

مسلم لیگ ن کے 11 نو منتخب سینٹرز کی کامیابی عدالت میں چیلنج

لاہور: مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے 11 نو منتخب سینٹرز کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر زرقا نے 11 نو منتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے جس میں سینیٹرز، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیر نواز شریف کی بطور پارٹی صدر نا اہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو آزاد حیثیت میں لڑنے کی اجازت دی۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کوئی ایسا اختیار نہیں ہے جس کے تحت کسی جماعت کے امید واروں کو آزاد امیدوار قرار دیا جاسکے۔

ڈاکٹر زرقا کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایسا کر کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو آزاد قرار دینے اور ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

یاد رہے کہ آج صبح سینیٹ کے اجلاس میں 51 نو منتخب سینیٹرز نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -
عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں