The news is by your side.

سیاسی جماعت کا ممکنہ احتجاج : سندھ پولیس کو اسلام آباد پولیس کی مدد کیلئے بھیج دیا گیا

اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں سیاسی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سندھ پولیس کو اسلام آباد پولیس کی مدد کیلئے بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سیاسی جماعت کی جانب سے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر وزارت داخلہ کی درخواست پر سندھ پولیس کا دستہ اسلام آباد بھیج دیا گیا۔

وزارت داخلہ نے سندھ پولیس کو اسلام آباد امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رکھنے اور پولیس کی مدد کیلئے طلب کیا گیا، سندھ پولیس اسلام آباد پولیس کی مکمل معاونت کرے گی۔

پرنسپل پی ٹی سی شہداد پور علی شیر جاکھرانی سندھ پولیس کی کمانڈ کریں گے، ایک ایس پی ،4 ڈی ایس پی،ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے۔

پی ٹی سی شہداد پور سے 900 ٹرینی اور 125 ٹریننگ اسٹاف اسلام آباد بھیج دیا گیا ہے ، مجموعی طور پر 1 ہزار 25 اہلکار شہداد پور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہاور سکھر رینج اہلکاروں کی نقل و حرکت کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

سندھ سے نکلنے تک مذکورہ ڈی آئی جیز کی سیکورٹی ہوگی اور تمام اہلکار سادہ لباس میں یونیفارم کے ہمراہ سفر کریں گے۔

سندھ پولیس افرادی قوت کے علاوہ انسداد فسادات کے تمام آلات سے لیس ہوگی، ہر اہلکار کے پاس ہیلمٹ،شیلڈ اور ڈنڈا موجود ہوگا۔

اہلکاروں کے پاس اینٹی رائٹ کٹ کے علاوہ شیل گن بھی ہوگی جبکہ مخصوص اہلکاروں کے پاس ایس ایم جی اور جی تھری رائفل بھی ہوں گی۔

اے آئی جی لاجسٹک2ہزار لانگ رینج گیس شیل کی دستیابی یقینی بنائیں، 100گیس گن ،1ہزاراینٹی رائٹ کٹ جس میں تمام آلات موجود ہوں کی دستیابی بھی لازمی ہوگی۔

سندھ پولیس کو حکمنامہ پر عمل درآمد کیلئے سختی سے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں