لاہور: تحریک انصاف نے پنجاب میں امن و امان کی خراب صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کر دیا، رواں سال صرف لاہور میں 371 افراد قتل ہوئے۔
تحریک انصاف پنجاب کے پبلک سیکریٹریٹ سے جاری وائٹ پیپر میں اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الر شید نے کہا کہ پورے صوبے بالخصوص لاہور میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، لاہور میں ہردس منٹ کے بعد ایک واردات ہو رہی ہے جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
وائیٹ پیپر میں درج اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پنجاب میں گھریلو تشدد کے واقعات کی تعداد 1087 ہے جس میں مجموعی طور پرچھ سو اکیس خواتین جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں جب کہ تین سو تئیس خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جن میں کسی ایک کے قاتل کو پکڑا نہیں جا سکا۔
پی ٹی آئی کے وائٹ پیپر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں سال دس ماہ کے دوران قتل، ڈکیتی اور چوری سمیت دیگر سنگین مقدمات کے تحت دس ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر16 افراد قتل ہوئے جب کہ جنوری سے اکتوبر کے دوران ۔پنجاب میں مجموعی طور پر 371 افراد قتل ہوئے۔