پاکستان میں رجیم چینج سازش کے پیچھے کون تھا؟ شہباز گل کا تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد: رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کا کہنا ہے کہ روسی سفیر کے بیان نے واضح کردیا کہ رجیم چینچ آپریشن کے پیچھے کون تھا؟
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز گل نے کہا کہ پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈینئل گنیش کے بیان کے بعد اب کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان میں رجیم چینج آپریشن سازش کے پیچھے کون تھا؟ اسکے تانے بانے کہاں ملتے ہیں؟
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لڑائی کے بعد کسی ملک پر قبضہ کرنا پرانی حکمت عملی ہے مگر پاکستان میں بکاؤ لوگوں کو خرید کر حکومت کی تبدیلی سے ملک کو عملی طور پر غلام بنایاگیا۔
روسی سفیر کے بیان کہ پاکستان میں رجیم چینج آپریشن سازش کے پیچھے کون تھا اور پاکستان میں اسکے تانے بانے کہاں ملتے ہیں
اس پر کسی کو ابہام نہیں
لڑائی کے بعد کسی ملک پر قبضہ کرنا پرانی حکمت عملی ہے
بکاؤ لوگوں کو خرید کر حکومت کی تبدیلی سے پاکستان کو عملی طور پر غلام بنایا گیا ہے— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) June 13, 2022
واضح رہے کہ گذشتہ روز نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں روسی سفیر ڈینئل گنیش نے کہا تھا کہ دورہ روس عمران خان حکومت کے گرنے کی وجہ بنی، عمران خان کا ماسکو میں ہونا اور یوکرین پر حملہ ایک اتفاق ہے، اگر عمران خان کو پتا ہوتا تو اس دن کبھی نہ آتے، عمران خان بنیادی طور پر ایک ایماندار آدمی ہے اور وہ اپنے لوگوں کی بہتری چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: روسی سفیر کا عمران خان حکومت سے متعلق بڑا انکشاف
روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے روسی سفیر نے بتایا کہ روس کو نیٹو کی نقل و حرکت پر تشویش تھی، ہمارے بارڈر پر نیٹو کی نقل و حرکت یوکرین جنگ کی وجہ بنی۔
دو روز قبل کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی قونصل جنرل آندرے فیڈروف نے کہا تھا کہ پاکستان حکومت رابطہ کرے گی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے، سابق وزیر اعظم کے دورہ روس میں تیل کی تجارت پر بات ہوئی تھی۔