پشاور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گو نواز گو قومی نعرہ بن چکا، اب یہ ہر زبانِ زد عام ہے، خیبرپختونخواہ سے شروع ہونے والا انقلاب پورے ملک میں پھیلے گا، رمضان کے بعد انتخابی مہم شروع کی جائے گی۔
پشاور میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ رمضان کے بعد ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف خیبرپختونخواہ سے کلین سوئپ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ سے شروع ہونے والا انقلاب پورے ملک میں پھیل جائے گا اور تحریک انصاف ملک کے تمام صوبوں میں اپنی حکومت بنائے گی۔ تقریر کے اختتام پر عمران خان نے پہلی بار گو نواز گو کا نعرہ لگایا۔
یاد رہے 2013 میں تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ سے واضح اکثریت میں نشستیں حاصل کیں اور اپوزیشن کی دوسری جماعت کے طور پر بن کر ابھری۔
مسلم لیگ ن کی حکومت کا وقت آئندہ برس اپریل میں ختم ہوگا جس کے بعد نگراں حکومت کا قیام تین ماہ کے لیے عمل میں لایا جائے گا اور پھر اگلے پانچ سال حکومتی انتخابات کے لیے انتخابات منعقد کروائے جائیں گے۔