راولپنڈی : راولپنڈی کے مال روڈ پر فائرنگ کرنے والے شخص کو ہلاک کردیا گیا ، ہلاک ملزم محمد حسین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سرگرم رکن تھا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے اہم علاقے مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی اور ہلاک ملزم محمد حسین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا سرگرم رکن تھا۔
کارروائی کے بعد ہلاک ملزم کے قبضے سے پی ٹی آئی کا پارٹی پرچم، اسلحہ، گولیاں اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکاہے، پی ٹی آئی کے لوگ تمام تر احتجاج میں اسلحےسےلیس ہوکرآئے، یہ پرامن احتجاج پر یقین ہی نہیں رکھتے۔
ان کا کہا تھا کہ پنڈی مال روڈفائرنگ کے واقعے نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں اور بہت سی چیزیں سامنے آگئی ہیں ، پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا اور امن وامان تباہ کرنا ہے۔
پی ٹی آئی کا جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ فائرنگ واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور جوڈیشل تحقیقات کروائی جائیں، تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کسی سیاسی جماعت یا کارکن کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی آئی کسی بھی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کرتی، قانون شکنی میں ملوث فرد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔


