کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان نے ٹکٹ نہ ملنے پر انصاف ہاوس کے شیشے توڑ دیئے، گو شمیم گو کے اور پارلیمانی بورڈ نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع پاکستان تحریک انصاف کے دفتر انصاف ہاوس میں مشتعل کارکنان نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور انصاف ہاوس کے شیشے بھی توڑ دیئے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ انصاف میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری تھا اور آئندہ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جارہا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والے مشتعل افراد کارکنان کی جانب سے نامنظور نامنظور پارلیمانی بورڈ نامنظور اور گو شمیم گو کے نعرے بھی لگائے اور انصاف ہاوس کے اندر وال چاکنگ بھی کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ ناراض کارکنان نے انصاف ہاوس میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر عارف علوی اور فردوس شمیم نقوی کو گھیر لیا اور دھکے بھی دیئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنان میں ٹکٹوں کی تقسیم پر جھگڑا ہوا ہے، جس کے بعد مشتعل کھلاڑیوں کی پارلیمانی بورڈ کے خلاف وال چاکنگ بھی کی ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کارکنان کی جانب سے کسی کو ٹکٹ نہ ملنے پر توڑ پھوڑ کی گئی ہے، غصے کی وجہ سے اپنے ہی کارکنان ایسا کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جاری تھا، جس میں عارف علوی، فردوس شمیم نقوی، علی زیدی اور میں موجود تھا، ٹکٹ نہ ملنے پر کارکنان نےانصاف ہاوس اور قیادت پر غصہ اتارا ہے۔
عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ لینے والوں کی ایک لمبی لائن لگی ہوئی ہے، ہر شخص چاہتا ہے اسے ٹکٹ ملے، ہر کسی کو ٹکٹ نہیں دے سکتے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں