اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد تک فوری کمی کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور مختلف شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں 15 فیصد تک فوری کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

کرایوں میں کمی کا یہ فیصلہ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) لاہور رانا محسن اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کرایوں میں کمی پر مکمل اتفاق ہو گیا ہے اور تمام ٹرانسپورٹ کمپنیاں اپنے نئے نرخنامے (لسٹیں) مرتب کر رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور مسافروں سے پرانے یا زائد کرائے وصول کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے لاہور سے مختلف شہروں کے لیے جاری کیے گئے نئے کرایوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

لاہور سے کراچی جانے والی بزنس کلاس کا کرایہ 10 ہزار 450 روپے سے کم کر کے 8 ہزار 550 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے گھٹا کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح لاہور سے ایبٹ آباد کا کرایہ 34 سو روپے سے کم ہو کر 28 سو روپے اور بہاولنگر کا کرایہ 2350 روپے سے کم ہو کر 1950 روپے مقرر ہوا ہے۔

مزید برآں، لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1085 روپے سے کم کر کے 9 سو روپے، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) کا کرایہ 2600 روپے سے کم کر کے 2130 روپے، حافظ آباد کا کرایہ 22 سو روپے سے کم کر کے 18 سو روپے، جبکہ لاڑکانہ کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم کر کے 6930 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔

عوام نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اس نمایاں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انتظامیہ سے نئے نرخناموں پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں