دوستوں میں اکثر معاملات پر لڑائی اور دھینگا مشتی ہو جاتی ہے لیکن ایک جھگڑے میں دوست کو چہرے پر گھونسا مارنا 20 لاکھ روپے کا پڑ گیا۔
یہ واقعہ متحدہ عرب امارات میں پیش آیا ہے اور یو اے ای میں ابوظہبی کی فیملی، سول اور ایڈمنسٹریٹیو کورٹ نے ایشیائی شہری کو اپنے دوست کے چہرے پر مُکے مارنے اور اس کے موبائل فون کو نقصان پہنچانے پر 26 ہزار درہم ( لگ بھگ 20 لاکھ پاکستانی روپے) ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظہبی کی عدالت میں ایشیائی نوجوان نے اپنے ہم وطن دوست کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 4599 درہم مالیت کے موبائل فون کو جان بوجھ کر نقصان پہنچایا۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ صرف موبائل فون کو ہی نقصان نہیں پہنچایا بلکہ اس کے چہرے پر مُکے بھی مارے جس کے باعث وہ 20 دن تک اپنے کام پر نہیں جا سکا۔
درخواست گزار سے عدالت سے استدعا کی کہ اسے ملزم سے 20 ہزار درہم بطور ہرجانہ دلایا جائے۔ اس حوالے سے مدعی نے اپنے دعوے سے متعلق تمام تفصیلات اور دستاویزات، تصاویر اور رپورٹس عدالت میں پیش کیں۔
عدالت نے تمام شواہد اور بیانات کے بعد اپنے فیصلے میں ایشیائی شہری کو دوست پر حملے کا مجرم قرار دیتے ہوئے ملزم کو مدعی کو مادی اور اخلاقی نقصان پہنچانے پر 20 ہزار جب کہ جرمانے کے طور پر 6 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت اور وکیل کی فیس کی ادائیگی کرنے کا حکم دیا۔