لاہور: ترقیاتی اسکیمیں نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا، ایوان ’گونوازگو‘ اور ’روعمران رو‘کے نعروں سے گونجتا رہا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے اپوزیشن کوترقیاتی اسکیمیں نہ ملنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگروزیراعلیٰ نہیں ملنا چاہتے تو ہمیں بھی ملنے کا شوق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ رانا ثناءاللہ ہربات کو منفی رنگ دیتے ہیں، یہ لاتوں کے بھوت ہیں جو باتوں سے نہیں مانیں گے‘‘۔
جواب میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ’’ہم اپوزیشن کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں پر اپوزیشن گزشتہ تین سال سے کنٹینر پر سوار ہے نیچے اترے تو بات ہوگی‘‘۔
پنجاب اسمبلی میں چھ آرڈیننسز کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی گئی جبکہ اجلاس پیرتک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔