لاہور : پنجاب اسمبلی نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد سمیت مفاد عامہ کی متعدد قراردادیں منظور کر لیں۔
حکومت بلدیاتی نظام میں ترمیم کا اہم ترین بل ایوان سے پاس نہ کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ قاف کی رکن خدیجہ عمر کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کیخلاف قرارداد اتفاق رائے سے منطور کر لی گئی۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارتی دہشتگردی کو اقوام عالم کے سامنے اٹھایا جائے۔
تحریک انصاف کے رکن سردار سبطین خان کی گوشت کی قیمت سے متعلق قرارداد پر اس وقت ایوان میں دلچسپ بحث چھڑ گئی جب مسلم لیگ نون کے رکن نے برملا کہا کہ حکومت کے بس میں نہیں کہ وہ صاف ستھرے گوشت کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنا سکے۔
عوام کو گدھے گھوڑے اور کتے کا گوشت کھلایا جا رہا ہے، اس کا صرف ایک ہی حل ہے کہ عوام گوشت کھانا ہی چھوڑ دیں۔
جماعت اسلامی کے رکن ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ مردار گوشت تو پکڑا جاتا ہے لیکن مکرہ دھندہ کرنے والے کیوں نہیں پکڑے جاتے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کارروائی مکمل ہونے پرغیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ حکومت بلدیاتی نظام میں ترمیم کا اہم ترین بل ایوان سے پاس نہ کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔