جمعہ, دسمبر 13, 2024
اشتہار

پنجاب میں‌ اعتکاف پر پابندی، لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: محکمۂ اوقاف پنجاب نے صوبے بھر کی مساجد اور مزارات میں اعتکاف پر مکمل پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دارالحکومت میں دو روز مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب نے اعتکاف پر پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ کرونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے‘۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ’پنجاب بھر میں قائم مساجد اور مزارات میں اعتکاف پرمکمل پابندی ہوگی‘۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ پنجاب کا مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد دارالحکومت میں دو روز کے لیے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’لاہور میں کرونا کیسز کی مثبت شرح خطرناک حدتک پہنچ چکی ہے، شہریوں کی زندگی کے تحفظ کے لیے 2 روز مکمل لاک ڈاؤن کیا، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور بلاضرورت باہر نہ نکلیں‘۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ’پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی کرونا کے مثبت کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے، روزانہ کی بنیاد پر صورت حال کاجائزہ لےکر ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، حکومت کی سب سے زیادہ توجہ انسانی زندگیوں کی حفاظت پر ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’شہریوں کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لیے  تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، صوبائی کابینہ نے زیادہ مثبت کیسز والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی، اگر صورت حال میں بہتری نہ آئی تو مکمل لاک ڈاؤن کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ’مریضوں کی تعداد بڑھنے سے ہیلتھ پروفیشنلز کو بھی دباؤ کا سامنا ہے، ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے سے بیماری کا پھیلاؤ روکنے میں مددملےگی‘۔

عثمان بزدار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا سے خود اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، احتیاط تدابیر پر عمل کر کے سے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں، ایس اوپیز پر عمل در آمد آپ کے اپنے مفاد میں ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں