لاہور: پنجاب میں تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز پر کچی رسیدوں کے اجراء پر مکمل پابندی لگا دی اور خبردار کیا خلاف ورزی پر 10 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس چوری کے خاتمے اور خریدو فروخت کے ریکارڈ کو شفاف بنانے کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے بھر کے تمام ریسٹورنٹس، ہوٹلوں، کیفے اور میرج ہالز میں مینوئل یا غیر سرکاری رسیدیں جاری کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
پی آر اے کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر تمام اضلاع کے کمشنرز نے اس نئے نظام کو فوری طور پر نافذ کرنے کے لیے نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام متعلقہ کاروباروں کے لیے ‘الیکٹرانک انوائس مینجمنٹ سسٹم’ کے ذریعے رسیدیں جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
الیکٹرانک رسیدیں جاری نہ کرنے والے کاروباروں پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا اور مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار کو ایک ماہ کے لیے سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔
پی آر اے نے کسٹمرز کو اصل ٹیکس رسید کے بدلے کچن آرڈر سلپ ، کچے بل یا کسی بھی قسم کی عارضی پرچی دینے پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔
گاہکوں کو دی جانے والی ہر رسید پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا مخصوص کیو آر کوڈ ہونا لازمی ہے۔
سیلز ریکارڈ میں تمیز و تبدیلی، سچائی چھپانے یا پی آر اے کے افسران کے کام میں مداخلت کرنے پر اضافی سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
پی آر اے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹیکس وصولی میں شفافیت لانا، سیلز ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کرنا اور ٹیکس چوری کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔ صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو اس حکم نامے پر بلا تفریق عمل درآمد کروانے کا پابند کیا گیا ہے۔


