لاہور : سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی کا فیصلہ کرلیا گیا، تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور آئندہ صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خریدی جا سکیں گی تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی کی منظوری الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب سے مشروط ہوگی، اور کسی بھی نئے پمپ کو بغیر چارجنگ یونٹ کے کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انھوں نے کہا ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے مزید بتایا کہ این او سی حاصل کرنے والے 170 نئے پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے، ان میں فیصل آباد میں 29، لاہور میں 14، بہاولپور میں 10، خانیوال اور بہاولنگر میں 9، راولپنڈی اور جھنگ میں 8، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7 نئے پیٹرول پمپس شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنائیں گے بلکہ صوبے میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ اور پائیدار ترقی میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


