لاہور : پنجاب بھر میں آئندہ چند روز کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تمام اضلاع کے انتظامی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ان بارشوں کے نتیجہ میں دریائے چناب اور دریائے جہلم میں اونچے درجہ کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
اس سسلسلے میں تمام اضلاع کی انتظامیہ کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں قائم فلڈ کنٹرول روم فعال کر دیئے گئے ہیں۔
صوبہ بھر کے اضلاع کی انتظامیہ نے دریاؤں، ندی نالوں کے پشتوں اور بندوں کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو دریاؤں اور نالوں میں پانی کے اتار چڑھاؤ کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے ۔
جبکہ صوبہ بھر میں تمام اضلاع کے انتظامی عملے کی ہرقسم کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ غلام رسول نے بتایا ہے کہ پنجاب میں اکیس سے چوبیس ستمبر تک شدید بارشیں ہونے کا قوی امکان ہے، ،جس نتیجے میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔