لاہور: وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ الرحمان نے مالی سال 27-2026 کے لیے 5903ارب 46کروڑ روپے کا بجٹ اسمبلی میں پیش کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اقتصادی تبدیلی کے منصوبے کے تحت تیار کردہ بجٹ میں ماحول دوست توانائی، ٹیکنالوجی پر مبنی زراعت اور سماجی تحفظ کے وسیع تر پروگراموں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔
تنخواہ میں اضافہ اور پنشن
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ اہلکاروں کے لیے پنشن میں 3.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
شعبہ صحت
وزیر خزانہ پنجاب نے بتایا کہ شعبہ صحت کے لیے 500 ارب 62 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، کینسر کے مریضوں کے لیے پنجاب حکومت بڑا تحفہ پیش کررہی ہے، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
Punjab Budget 2026-27: Laptop, housing programs and full details
انہوں نے بتایا کہ فالج کے مریضوں کے لیے 1 ارب 20 کروڑ روپے سے اسٹروک انیشیٹو کا آغاز کیا جارہا ہے، نیورو کیتھ لیبز کا منفرد منصونہ بھی متعارف کروایا جارہا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے بچوں کے لیے بہاولپور میں 23 ارب 37 کروڑ روپے سے چلڈرن اسپتال بنے گا جبکہ پنجاب بھر کے 29 ٹیچنگ اسپتالوں میں جدید ترین ایم آر آئی مشینیں نصب ہوں گی۔


