لاہور: مسلم لیگ ن کی جانب سے رانا ثنا اللہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشیر برائے قانون بنائے جانے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے کابینہ کے لیے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع سے صوبائی وزرا لیے جانے کا امکان ہے، نامزد وزیر اعلیٰ نے پہلے مرحلے میں 25 سے 30 رکنی کابینہ بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رانا ثنا اللہ پنجاب میں خدمات دیں گے یا وفاق میں جائیں گے اس حوالے سے مشاورت جاری ہے جبکہ رانا ثنا کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے قانون بنائے جانے کا بھی امکان ہے۔
صوبائی وزرا میں مریم اورنگزیب اور ملک احمد خان کے ناموں پر مشاورت جاری ہے، رانا اقبال، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر کے ناموں پر بھی غور جاری ہے۔
پنجاب کابینہ کے لیے فیصل کھوکھر، یاور زمان، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان، ذکیہ شاہنواز، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
صوبائی کابینہ کے ناموں کی حتمی منظوری قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف دیں گے۔