لاہور : پولیس نے کار چور گینگ کے سرغنہ کو دو ساتھیوں سمیت پکڑلیا۔ ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی کاریں برآمد کرلی گئیں، ملتان کی لوہا مارکیٹ میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے دکان کا صفایا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے پر پولیس متحرک ہوگئی لاہور پولیس نے کار چور گینگ کے سرغنہ کو دوساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا۔
اینٹی وہیکلز لفٹنگ اسٹاف ماڈل ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے کار چور گینگ کے سرغنہ امداد حسین عرف ملک، ولی خان اور کاشف عرف کاشی کوگرفتارکیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی اکیس کاریں اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب ملتان کی لوہا مارکیٹ کی دکان میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ دو ڈاکوؤں نے دکان کے ملازمین کواسلحے کے زور پریرغمال بنا لیا، ڈاکو ملازمین سے لوٹ مار کرکے حسب معمول باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
علاوہ ازیں گوجرانوالہ کی فروٹ منڈی میں ڈکیتی کے دوران محنت کش نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے محنت کش کو تشدد کر کے شدید زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان محنت کش سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرارہو گئے۔ واردات کا مقدمہ مقامی تھانے میں درج کر لیا گیا۔
ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے بھی مار رہی ہے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔