بدھ, دسمبر 11, 2024
اشتہار

پنجاب ایجوکیشن اتھارٹی نے چولستان میں موبائل اسکول پراجیکٹ شروع کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

بہاولپور: پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور چولستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے چولستان میں موبائل سکولنگ پراجیکٹ کا آغاز کردیا ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان اور ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نعیم اقبال سید کے علاوہ مقامی کمیونٹی کے نمایاں افراد بھی موجود تھے۔

چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمرالاسلام اور وفاقی وزیر مملکت میاں بلیغ الرحمن نے اس موقع پراے آروائی نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا کہ موبائل سکولنگ اپنی نوعیت کے اعتبار سے دنیا بھر میں واحد مثال ہے جس کے تحت ضرورت مند بچوں کو ان کی دہلیز پرمفت اور معیاری تعلیم میسر آئے گی۔

- Advertisement -

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان سکولوں کے اساتذہ کو تنخواہ کے علاوہ موٹر سائیکل اور پٹرول کی سہولت بھی مہیا کرے گی اس طرح مقامی لوگوں کو تعلیم کے علاوہ روزگارمیسرآئے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بہاولپور ڈویژن میں چولستان کے 75 پارٹنر سکولوں کے ذریعے چھ ہزار سے زائد طلبا وطالبات کو مفت تعلیم کی سہولت مہیا کررہی ہے اوراس پراجیکٹ سے چولستان میں تعلیم کے اجالے پھیلے ہیں۔

اب خانہ بدوش گھرانوں کے بچوں کی سہولت کے لئے موبائل سکولنگ کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے تاکہ موسمی حالات کی بنا پر خانہ بدوشی کرنے والے گھرانوں کے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ منقطع نہ ہونے پائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے جنوبی پنجاب میں تعلیم عام کرنے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ہم نے تعلیم کے ذریعے ضرورت مند بچوں کو زندگی کی دوڑ میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔اسی طرح پیف کے تعلیمی منصوبوں سے غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملی ہے۔

چولستان موبائل اسکول پراجیکٹ کے تحت دس موبائل اسکول قائم کیے جائیں گے جو کہ دس ہزار بچوں کو تعلیم فراہم کریں گے۔ موبائل اسکول جنوری 2016 سے صحرائی بچوں کو تعلیم فراہم کرنا شروع کردیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں