لاہور : صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکولوں کی بندش اور آن لائن کلاسز کی خبروں کی اصل حقیقت بتادی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی امور کی آن لائن منتقلی اور اسکولوں کی بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
وزیرِ تعلیم پنجاب نے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں حسبِ معمول جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے سالانہ امتحانات سر پر ہیں، اس لیے امتحانات یا کلاسز کو آن لائن منتقل کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور نہ ہی اس طرح کے کسی فیصلے پر غور کیا جا رہا ہے۔
Dollar and Other Currency Rates Today in Pakistan
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے بند ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ والدین اور طلبہ افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ اپنی توجہ پڑھائی اور امتحانات کی تیاری پر مرکوز رکھیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت تعلیمی کیلنڈر کو ہر صورت وقت پر مکمل کرے گی۔
خیال رہے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے خطے میں جاری کشیدگی اور ایران کی جانب سے ممکنہ جوابی حملوں کے پیشِ نظر تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں قبل از وقت اسپرنگ بریک کا اعلان کیا تھا۔
شیڈول کے تحت چھٹیاں پیر 9 مارچ سے شروع ہو کر اتوار 22 مارچ تک جاری رہیں گی اور تمام تعلیمی ادارے پیر 23 مارچ سے دوبارہ کھلیں گے۔


