جمعہ, دسمبر 5, 2025
اشتہار

کالعدم انتہا پسند جماعت کے عہدے داروں کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے منجمد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : کالعدم انتہا پسند جماعت کے عہدے داروں کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے منجمد کرتے ہوئے 92 بینک اکاؤنٹس اور تمام ڈیجیٹل اکاؤنٹس بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں کالعدم انتہاپسند جماعت کے خلاف بڑے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جماعت کے عہدیداروں کے 23 ارب 40 کروڑ روپے کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں جبکہ 92 بینک اکاؤنٹس اور تمام ڈیجیٹل اکاؤنٹس بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کالعدم جماعت کے 9 فنانسرز کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کے خلاف مواد شیئر کرنے پر 31 مقدمات بھی قائم کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ دیگر صوبوں میں بھی تنظیم کے خلاف کارروائی کے لیے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کالعدم جماعت کے ٹھکانوں سے جدید غیر قانونی اسلحہ، ہزاروں گولیاں، بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں مساجد اور آئمہ کرام کی رجسٹریشن کے عمل پر بھی گفتگو ہوئی، جس کے مطابق 61 ہزار سے زائد فارم تقسیم کیے گئے جبکہ 50 ہزار سے زائد آئمہ کرام نے اپنی رجسٹریشن خود کرائی ہے، صوبے میں 82 فیصد رجسٹریشن مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ نے اظہار اطمینان کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ آئمہ کرام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے احترام کا مکمل خیال رکھا جائے، “آئمہ کرام نماز پڑھاتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ وہ چندے کے لیے ہاتھ پھیلائیں۔”

اجلاس میں پنجاب کے کسی شہر میں وال چاکنگ ہرگز برداشت نہ کرنے اور اس پر مکمل پابندی کے مستقل نفاذ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں اسلحہ لے کر چلنے کے لیے نئے ایس او پیز بنانے کے اصولی فیصلے کی منظوری بھی دی۔

اسلام آباد حملے کے پیش نظر صوبے میں سیکیورٹی اور سرویلنس مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے مریم نواز نے تمام ڈسٹرکٹس میں ڈرون سرویلنس بڑھانے کی بھی ہدایت کی اور ہراسانی کے واقعات کی ڈرون نگرانی کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں