لاہور (4 جنوری 2026): پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی تعمیر و ترقی کے لیے مریم نواز کی حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں سڑکوں، مکانات اور ہاسٹلز کی تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں پنجاب میں زرعی، صنعتی اور 24 راہداریوں کی تعمیر کے منصوبے پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی اور صوبے بھر میں پرانے واٹر انفرااسٹرکچر کی بحالی، صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم میں بہتری کا ہدف دیا گیا۔
اجلاس میں 150 کلومیٹر طویل دیپالپور، پاکپتن، وہاڑی روڈ اور 100 کلومیٹر چراغ آباد، جھنگ اور شورکوٹ روڈز کو نجی شعبے کی شراکت داری سے دو رویہ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ چکوال اور قصور میں نکاسی اورفراہمی آب کے منصوبے بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے بنانےکی منظوری دی گئی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی سڑکوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا سب سے بڑا منصوبہ شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر شعبے میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت داری سے منصوبوں کے آغاز کی ہدایت کی ہے۔ تمام محکمے نجی شراکت داری سے ممکن اور قابلِ عمل منصوبوں کی نشاندہی کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


