جمعہ, اپریل 17, 2026
اشتہار

پنجاب حکومت کا سی سی ڈی کو نئی ذمہ داری دینے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور (17 مارچ 2026): پنجاب حکومت نے غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کیلیے کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کر لیا، پنجاب سرنڈر آف الیسٹ آرمز ایکٹ 2026 کا مسودہ تیار ہے جو جلد اسمبلی پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مسودے میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے تحت سی سی ڈی کو ٹاسک سونپ دیا گیا، شہریوں کو 15 دن میں اسلحہ جمع کروانے کی مہلت دینے کی تجویز دی گئی جبکہ مقررہ مدت میں جمع نہ کروانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

اس میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر عمر قید اور جائیداد ضبطی کی سزا کی تجویز شامل ہے جبکہ خود کار ہتھیار رکھنے پر کم از کم 10 سال قید کی سزا ہوگی، غیر قانونی عام اسلحہ پر 3 سے 14 سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے سی سی ڈی سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا

رضاکارانہ اسلحہ جمع کروانے والوں کو قانونی تحفظ دینے کی شق بھی شامل ہے، بیرون ملک افراد کو واپسی کے 14 دن میں اسلحہ جمع کروانے کی اجازت ہوگی، ایکسپائر لائسنس رکھنے والوں کو تجدید کا آخری موقع دیا جائے گا، لائسنس کی تجدید نہ کروانے پر اسلحہ پولیس کے حوالے کرنا لازمی ہوگا۔

’اسلحہ جمع کروانے پر باقاعدہ رسید اور ریکارڈ رکھنے کا نظام متعارف کیا جائے گا۔ غیر قانونی اسلحہ ضبط کر کے تلف یا ضائع کرنے کا طریقہ کار طے کیا گیا ہے۔ صوبے میں سرچ اینڈ ریکوری آپریشنز کیلیے سی سی ڈی خصوصی مہم شروع کرے گی۔ لائسنس ہولڈرز کی جانچ پڑتال اور انسپکشن کا نیا نظام متعارف کیا گیا، لائسنس رکھنے والوں کا ٹیکس ریکارڈ اور کرمنل ہسٹری بھی چیک کی جائے گی۔‘

بل میں اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کا اختیار متعلقہ اتھارٹی کو دینے کی تجویز شامل ہے جبکہ لائسنس منسوخی کے خلاف اپیل کا حق بھی دیا گیا۔ ہر ضلع میں اسلحہ کیسز کیلیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، اسلحہ سے متعلق مقدمات کا فیصلہ 45 دن میں کرنا لازمی ہوگا۔

مقدمات کی روزانہ بنیاد پر سماعت اور تاخیر پر پابندی کی تجویز ہے، قانون کے تحت تمام جرائم ناقابل ضمانت اور قابل دست اندازی پولیس ہوں گے۔

اس میں اینٹی کرپشن طرز پر وہسل بلوئر نظام متعارف کروانے کی تجویز ہے۔

جھوٹی اطلاع دینے والوں پر 20 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا، حکومت کو کسی بھی شے کو غیر قانونی اسلحہ قرار دینے کا اختیار حاصل ہوگا، قدیم اسلحہ کو اینٹیک قرار دے کر صرف نمائش کیلیے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

قانون پر عملدرآمد کیلیے خصوصی اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز ہے، نیا قانون 1991 کے پرانے اسلحہ سرنڈر قانون کی جگہ لے گا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے غیر قانونی اسلحہ خاتمے کا بل محکمہ قانون کو بھجوا دیا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں