لاہور: پنجاب میں نجی تعلیمی اداروں کو قانونی دائرے میں لانے کیلئے ایکٹ لانے کا فیصلہ کرلیا، ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ جب تک کورونا ہے تب تک پرائیوٹ اسکولز 20 فیصد کم وصول کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کو قانونی دائرے میں لانے کیلئے ایکٹ لانے کا فیصلہ کرلیا، وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ فیسوں، یونیفارم،بکس، و دیگرامورپرقانون سازی کررہےہیں، نئے ایکٹ کے تحت نجی تعلیمی ادارے زائد فیس وصول نہیں کرسکیں گے۔
ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ نیا ایکٹ آ چکا ہوتا تو ایل جی ایس واقع پرمتعلقہ استادکوجیل جانا پڑتا، 10سال ن لیگ کی حکومت رہی مگر تعلیمی اداروں کیلئے قانون سازی نہیں کی، پی ٹی آئی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اہم معاملے پر قانون سازی لارہے ہیں۔
وزیرتعلیم پنجاب نےکہا کہ جب تک کورونا ہے تب تک پرائیوٹ اسکولز 20 فیصد کم وصول کریں گے، پرائیوٹ اسکول کے حوالے سے نیا ایکٹ لا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 36اسکولوں کو 6لاکھ روپے کے جرمانے کئےہیں، اسکولزمیں انتظامیہ نےماسک بھی فروخت کرنےشروع کر دئیے ہیں، ایل جی ایس ٹیچر کے معاملےپر ہم کارروائی نہیں کر سکتے تھے، جو سابق حکومت نہیں کر سکی ہے وہ ہم کر کے دکھائیں گے۔