ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

کورونا کی خطرناک صورتحال، لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن لگائے جانے کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں کورونا کی تشویشناک صورتحال کے باعث مکمل لاک ڈاؤن لگائے جانے کا امکان ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعلی پنجاب اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے نمٹنے سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں کورونا روک تھام کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سفارشات پیش کریں گے، ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہورمیں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق لاہورمیں ہالز، ریسٹورنٹ، پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے اور تمام کاروباری مراکز، مارکیٹس بند کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا مثبت کیسزکی شرح 20 فیصد سے زائد تک پہنچ گئی ہے،لاہورمیں مکمل لاک ڈاؤن نہ کیاتوحالات قابو سے باہر ہوجائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب لاہور میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

خیال رہے پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں کورونا کے 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد کیسز اور 2500 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔

واضح رہے پنجاب میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، ایک روز میں مزید 2 ہزار 309 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 4 ہزار525 نئے مریض سامنے آئے اور مزید 41 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں