اتوار, مارچ 16, 2025
اشتہار

پنجاب حکومت کا نواز شریف کیلئے ایمرجنسی ایمبولینس جیل بھجوانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور :  پنجاب حکومت نے نواز شریف کے لئے ایمرجنسی ایمبولینس جیل بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے، مریم نواز نے  نواز شریف کے علاج کیلئے ایمرجنسی سہولیات کیلئے ٹویٹ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لئے مریم نواز کے ٹویٹ پر حکومتی ردعمل آگیا، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے نواز شریف کے لئے ایمرجنسی ایمبولینس کوٹ لکھپت جیل بھجوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایمرجنسی ایمبولینس کسی بھی وقت کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی جائے گی اور ایمبولینس میں ایمرجنسی سے نمٹنے کی تمام سہولیات موجود ہوں گی۔

دوسری جانب ترجمان وزیر اعلٰی پنجاب شہباز گل نے موبائل یونٹ کوٹ لکھپت جیل بھجوانے کے حوالے سے پی آئی سی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نواز شریف کو شفا دے، ایمرجنسی کے لئے موبائل یونٹ کوٹ لکھپت جیل بھیجا جا رہا ہے، 3 کارڈیک ڈاکٹرز اور 3 ٹیکنیشنز وہاں موجود رہیں گے۔ نوازشریف کے علاج پر فوکس ہونا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا نواز شریف پر سیاست کی جا رہی ہے، کل ان سے ملاقات کر کے صحت دریافت کی تھی، قیدی کی صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، آج جیل حکام نوازشریف کو خود ملیں گے اور انہیں پاکستان میں کہیں بھی علاج معالجے کی پیشکش کریں گے۔

موبائل یونٹ کی فراہمی کے حوالے سے مریم نواز کے ٹویٹ پر شہباز گل نے کہا کہ ویسے تو تمام قیدیوں کو یہ سہولت دینی چاہیئے، میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

ترجمان وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا موبائل یونٹ نواز شریف کے علاوہ دوسرے قیدیوں کو بھی سہولت دے گا، عبدالعلیم خان بھی وہاں موجود ہیں، جس کو کارڈیک ایشو ہوا قیدی چیک کروا سکیں گے۔

مزید پڑھیں : نواز شریف مریم نواز ملاقات، جیل میں‌ جان بچانے والے خصوصی یونٹ کے انتظام کی درخواست

گذشتہ روز مریم نواز نے نواز شریف کے علاج کیلئے ایمرجنسی سہولیات کیلئے ٹویٹ کیا تھا، جس میں جیل انتظامیہ نے نوازشریف کی صحت سے متعلق جلد اقدامات کی درخواست کی تھی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرزکے مطابق نوازشریف کےدل کی بیماری بگڑرہی ہے، زندگی بچانے کے یونٹ کا انتظام کریں، نواز شریف تین بار وزیر اعظم رہے، وہ سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں، یہ سہولت ان کا حق ہے۔

یاد رہے دو روز قبل وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں، نواز شریف جس ڈاکٹر یا اسپتال سےعلاج چاہتے ہیں وہاں منتقل کیا جائے اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر  مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

خیال رہے 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پرضمانت پررہائی سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، فیصلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا نوازشریف کوایسی کوئی بیماری لاحق نہیں جس کاعلاج ملک میں نہ ہوسکے، عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کو جناح اسپتال سے ایک بار پھر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں