لاہور : آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں پنجاب حکومت کی جانب سے قائم کردہ "اپنی چھت، اپنا گھر” منصوبے کا پویلین غیر ملکی مندوبین اور مہمانوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں بتایا کہ پنجاب حکومت کا باکو میں اپنی چھت اپنا گھر کا پویلین غیر ملکی مہمانوں کا مرکز بنا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج باکو میں اس تاریخی اور عوامی فلاحی منصوبے کا باقاعدہ شوکیس کریں گی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام اس وقت دنیا کا سب سے بڑا اور منفرد رہائشی پروگرام بن چکا ہے۔
انہوں نے منصوبے کی گراؤنڈ پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس تاریخی پروگرام کے تحت اب تک 1 لاکھ گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام انتہائی تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ہدف 5 سال کے دوران 5 لاکھ مستحق خاندانوں کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مریم نواز حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جب پنجاب میں حقیقی کام ہوتا ہے تو پوری دنیا اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے، کیونکہ پنجاب کے منصوبے صرف فائلوں تک محدود نہیں ہوتے بلکہ گراؤنڈ پر ڈیلیور کرتے نظر آتے ہیں۔
انہوں نے سیاسی حریفوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کڑی تنقید کی اور کہا کہ جو لوگ کارکردگی اور عوامی خدمت کے میدان میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، آج ان کو مریم نواز کے جوتوں سے بھی تکلیف ہو رہی ہے۔


