لاہور (3 جون 2026): حکومتِ پنجاب نے صوبے کے تاجروں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے نئے کاروباری اوقات کار جاری کر دیے۔
بچت مہم کیلیے مارکیٹس و دیگر اداروں کیلیے کاروبار کے نئے اوقات کار جاری کیے گئے جس کے تحت کاروباری طبقے کو مزید 1 گھنٹے کا ریلیف مل گیا۔
چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گی، جبکہ شادی ہالز، مارکیز، تقریبات کیلیے مختص کمرشل علاقے اور بلڈنگز رات 10 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: مارکیٹس اور شاپنگ مالز بند کرنے کے اوقات کار میں تبدیلی
نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹ، سینما، فوڈ آؤوٹ لٹس، سبزی اور پھل کی دکانیں رات 11 بجے تک کاروبار کر سکیں گی، فارمیسی، لیباٹریز، جمز، پمپس، اسپتال، کلینکس اور دودھ کی دکانوں کو استثنیٰ حاصل ہے۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے بھی بازار اور دکانیں بند کرنے کے اوقات کار تبدیل کیے تھے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس میں کمیٹی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں وفاق سے رابطے میں رہتے ہوئے ہدایات پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے، ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز کو استثنیٰ ہوگا۔
علاوہ ازیں، شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، فارمیسی، اسپتال، پیٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق اداروں کو استثنیٰ ہوگا۔



