لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 372 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ 5 مریض جاں بحق ہوگئے، کرونا وائرس کیسز کی سب سے زیادہ تعداد لاہور میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 372 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 90 ہزار 816 ہوگئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 182، گوجرانوالہ میں 49، فیصل آباد میں 21، راولپنڈی میں 20، بہاولپور میں 19، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 14 اور راجن پور میں 11 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ملتان میں 8، گجرات، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی میں 5، 5، اٹک میں 4، جہلم اور سرگودھا میں 3، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین، شیخوپورہ، بہاولنگر اور ساہیوال میں 2، 2 کیس رپورٹ ہوئے۔
اسی طرح ننکانہ صاحب، وہاڑی، چنیوٹ، رحیم یار خان، خوشاب، بھکر، لودھراں، لیہ اور اوکاڑہ میں 1، 1 کیس رپورٹ ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے مزید 5 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 95 ہوچکی ہے۔
صوبے میں اب تک 6 لاکھ 63 ہزار 539 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ اب تک 66 ہزار 425 مریض وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔