منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

ایک ہی دن میں 744 تعلیمی اداروں کو نوٹسز جاری، 3 دن کی مہلت

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : پنجاب میں ایک ہی دن میں 744 تعلیمی اداروں کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ، جس میں 3 روز میں رجسٹریشن کرانے کی حتمی ہدایت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمیز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

صوبائی وزیرِ تعلیم کا کہنا ہے کہ "طلباء کی سیفٹی ہماری اولین ترجیح ہے، پہلے معصوم جانوں کی حفاظت ہوگی اور پھر تعلیم دی جائے گی، رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی ادارہ چلانا قانوناً سنگین جرم ہے۔”

وزیرِ تعلیم کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے ایک ہی دن میں ایکشن لیتے ہوئے صوبے کے 744 غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کو باقاعدہ قانونی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

ایجوکیشن اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق، لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکڑوں نجی اسکول تاحال بغیر رجسٹریشن کے چلائے جا رہے ہیں۔

جاری کیے گئے نوٹسز کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ اسکول اور اکیڈمی مالکان کو فوری رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے اور عمل پورا کرنے کے لیے صرف 3 روز کی حتمی مہلت دی گئی ہے۔

رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ 3 روز میں رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف زیرو ٹالیرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور یہ کارروائی پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1984 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔

غیر قانونی طور پر رجسٹریشن کے بغیر تعلیمی ادارے چلانے پر مالکان کو 3 لاکھ سے لے کر 40 لاکھ روپے تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر وزیرِ تعلیم نے اسکولوں کی عمارات کے حوالے سے بھی بڑا فیصلہ کیا، اب کسی بھی اسکول کو بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے تعلیمی اداروں کو اپنی عمارات کے فٹنس سرٹیفکیٹ یقینی بنانے اور اتھارٹیز کو اسے لازمی چیک کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیرِ تعلیم نے تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں کارروائی مکمل کر کے جلد از جلد باقاعدہ عملدرآمد رپورٹ اپنے دفاتر میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔

اہم ترین

الفت مغل
الفت مغل
الفت مغل اے آر وائی نیوز لاہور سے وابستہ رپورٹر ہیں

مزید خبریں