ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بجلی کے بل میں پنجاب کے عوام کو 2 ماہ کا ریلیف ملے گا اس کے بعد کیا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سرکار کو وہ فیصلہ کرنا چاہیے جو دیرپا ہو، پنجاب کے عوام 2 ماہ بعد پھر اسی حالت میں آجائیں گے، جب ہم ریلیف کا سوچتے ہیں تو پھر آپشن کا بھی سوچتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت کا کام شارٹ ٹرم نہیں لانگ ٹرم ریلیف دینا ہوتا ہے، وفاقی حکومت کیلئے تجویز ہے کہ طویل المدتی ریلیف زیادہ بہتر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ بجلی کا مسئلہ پورے پاکستان کا ہے، صوبائی کارڈ نہیں کھیلنا چاہیے، مصطفی کمال ہمارے اتحادی نہیں اپوزیشن میں ہیں۔
ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ مصطفی کمال سے امید نہیں کہ وہ کوئی مثبت بات کریں، ہم نے ثابت کیا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے، ٹھٹھہ کے ونڈ پاور سے بھی بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کی جانب سے نیشنل گرڈ میں 5 ہزار میگاواٹ بجلی دی جارہی ہے، تھرکول اور ونڈ کوریڈور ہمارے انرجی کے بڑے پراجیکٹ ہیں۔