لاہور: حکومت پنجاب نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے، دفعہ144کی خلاف ورزی اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے دفعہ144کی خلاف ورزی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں 1329قانون شکنوں کو حراست میں لے لیا، دفعہ 144کی خلاف ورزی پر818،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف21مقدمات درج کیے گئے۔
لاہور پولیس کے مطابق مختلف اضلاع میں 1329قانون شکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لئے گئے افراد میں سے 209کو وارننگ دے کر چھوڑا گیا جبکہ پرائس کنٹرول، ذخیرہ اندوزی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 21ملزمان زیرحراست ہیں۔
آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو کارروائیاں مزید تیزی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکردگی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر سی پی او بھجوائی جائے، پولیس ٹیمیں اداروں سے مل کر انسداد کورونا اقدامات میں حصہ لیں، افسران و اہلکار کورونا سے بچاؤ کی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں جاری ہدایات میں افسران کو کہا گیا ہے کہ روز مرہ کی اشیاء مہنگے داموں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو گرفتار کرکے سامان ضبط کرلیا جائے اور ضبط شدہ سامان فوری طور پر غریب لوگوں میں تقسیم کیا جائے۔