لاہور (18 جنوری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مختلف شہروں میں مزید 30 سہولت بازار 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مریم نواز کے سہولت بازار سے سستی و معیاری اشیا اور لوگوں کو روزگار ملا ہے، یہ منفرد اور پہلا سہولت بازار پراجیکٹ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں منفرد ’سہولت آن دی گو بازار‘ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ کے سہولت بازار پراجیکٹ سے 55 ہزار خاندانوں کے گھر میں چولہا جلنے لگا، صوبے بھر میں 46 سہولت بازاروں میں 9200 لوگوں کو باعزت روزگار مل گیا، ایک سال میں ساڑھے 8 کروڑ افراد نے ساڑھے 42 کروڑ روپے کی خریداری کی، 46 سہولت بازاروں میں سبزیوں اور پھلوں سمیت 13 اشیائے خورد و نوش ہول سیل نرخ پر فراہم کیے گئے اور 11 کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔
بیان میں بتایا گیا کہ وزیر آباد، چونیاں، جڑانوالہ، چنیوٹ، خانیوال، بھلوال، پتوکی، اوکاڑہ اور مظفر گڑھ میں سستی اور معیاری اشیا فراہم کی جا رہی ہیں، مریم نواز نے مزید 30 نئے سہولت بازار 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سہولت بازاروں کو بتدریج پنجاب کی ہر تحصیل میں قائم کرنے کیلیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ سہولت بازاروں سے سستی اور معیاری اشیائے خورد ونوش کی آسان فراہمی ممکن ہوئی ہے، پنجاب کے ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیاء مہیا کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


