لاہور : پنجاب میں پولیس اور سیکورٹی اداروں نے سیالکوٹ میں چار افغان باشندے گرفتار کرلئے، فیصل آباد میں مکان سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ چونیاں میں دو افغان باشندوں سمیت پندرہ جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پنجاب میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیرملکیوں سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
پولیس اور حساس اداروں نے سیالکوٹ کے علاقے مراد پور میں سرچ آپریشن کے دوران غیر قانون طو پر مقیم چار افغان باشندے گرفتار کر لئے۔
فیصل آباد کے علاقوں منصور آباد اور عبدا للہ پور میں رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن کےدوران علاقے کو سیل کر کے متعدد گھروں کی تلاشی لی، تلاشی کے دوران خالی مکان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کیا گیا ۔
چونیاں میں پولیس نے کنگن پور، آلٰہ باد اور افغان بستیوں میں میں گھر گھر تلاشی کے دوران دوافغان باشندوں سمیت پندرہ جرائم پیشہ افراد گرفتار کرلئے، ملزمان کے قبضے سےبھاری تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئیں۔
دوران آپریشن پانچ سو افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی، پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔