لاہور : عوامی سروے میں 69 فیصد شہریوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت پر بھرپور اطمینان کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی پی او آر (IPOR) نے حکومتِ پنجاب کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے ایک جامع عوامی سروے رپورٹ جاری کر دی ہے۔
جس کے تحت 69 فیصد افراد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت اور اقدامات کو سراہا ہے۔
سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ 32 فیصد عوام نے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو ‘آؤٹ اسٹینڈنگ’ جبکہ 31 فیصد نے ‘گڈ’ قرار دیا ہے۔
سیاسی مقبولیت کے لحاظ سے مسلم لیگ (ن) 42 فیصد عوامی حمایت کے ساتھ پنجاب کی مقبول ترین جماعت بن کر ابھری ہے۔
رپورٹ میں 56 فیصد رائے دہندگان کا ماننا ہے کہ ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی بدولت مریم نواز کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ 55 فیصد افراد نے آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر مریم نواز کو ووٹ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
عوامی سروے میں ‘ستھرا پنجاب پروگرام’ 33 فیصد مقبولیت کے ساتھ سب سے اوپر رہا، جبکہ خواتین کی بہبود (30 فیصد)، پبلک ٹرانسپورٹ (29 فیصد) اور ایجوکیشن سیکٹر (27 فیصد) کے اقدامات کو بھی بھرپور پذیرائی ملی۔
سروے میں شامل 65 فیصد افراد نے پنجاب کو ترقی کی درست سمت پر گامزن قرار دیا ہے۔
اس سروے میں 7 ہزار شہریوں سے رائے لی گئی، جس میں 50 فیصد خواتین اور 50 فیصد مرد شامل تھے، جبکہ دیہی علاقوں سے 57 فیصد اور شہری علاقوں سے 43 فیصد افراد نے حصہ لیا۔
نوجوانوں کی بڑی اکثریت (69 فیصد) نے بھی حکومتِ پنجاب کے اقدامات کو مثبت قرار دیا ہے۔


